لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار اتھارٹی کے پیٹرن انچیف اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال چیئر پرسن ہوں گے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائے جائیں گے، کسان پلیٹ فارم کے ذریعے کاشتکار اپنی اشیاء براہ راست فروخت کرسکیں گے، سہولت بازار اتھارٹی صوبہ بھر میں سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی، سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہر ضلع اور ہر تحصیل تک بڑھایا جائے گا، یہ بازار سال کے 365 دن فنکشنل رہیں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی اور حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اتھارٹی صوبہ بھر میں 400 سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی، سستے سہولت بازاروں میں آٹا اور دیگر اشیاء ضروریہ نوٹیفائیڈ ریٹ پر دستیاب ہوں گی، سستے سہولت بازاروں میں اشیاء ضروریہ سرکاری نرخوں پرملیں گی، عوام کو ریلیف دینے اور پرائس کنٹرول کے لئے آخری حد تک جائیں گے، پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی، عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سستے سہولت بازاروں کیلئے اضلاع میں اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔