لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے کہنے پر 884ارب روپے وصول کریگی اور بجلی کی قیمتوں میں 36 فیصد اضافہ ہو گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) پاکستانی حکومت چلا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ہدایت پر 3 آرڈیننس آج جاری کیے جارہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر منی بجٹ لانے کی تیاری ہو رہی ہے۔
سینئر پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ نیا آرڈیننس نیپرا کو کابینہ کو بھی نظرانداز کرنے کا حق دے گا۔ آئی ایم ایف کے حکم پر 884ارب روپے وصول کیے جائیں گے۔ بجلی کی قیمتوں میں 5.6 روپے فی یونٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے، بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں کے علاوہ 36فیصد اضافہ ہوگا۔