ایس او پیزکی خلاف ورزی پرجرمانہ اورگرفتاری بھی ہوسکتی ہے: شیخ رشید کا انتباہ

Published On 22 March,2021 08:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عوام کیلئے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی او سی کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور گرفتاری بھی ہو سکتی ہے۔

یہ اہم بیان انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کیا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر بہت تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ہم سب پر فرض ہے کہ مل کر کورونا کے خلاف لڑیں۔ تاجر ہفتے میں دو روز اپنے کاروبار بند رکھیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک پہنچیں، اجتماعات سے گریز کریں جبکہ تاجروں سے خاص طور پر اپیل ہے کہ وہ ہفتے میں دو روز تک کیلئے اپنے کاروبار اور دکانوں کو بند رکھیں۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا جا چکا ہے۔ اگر کسی نے ہدایات پر عمل نہ کیا تو اسے گرفتاری کیساتھ ساتھ جرمانے کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزیر داخلہ کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ ایس او پیز پر مکمل عمل کریں کیونکہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے ہم بحیثیت قوم اس وبا سے نجات حاصل کرینگے، جس طرح ماضی میں دو مرتبہ ہم اس وبا سے کامیاب ہو کر نکلے ہیں، آئندہ بھی اس کو شکست دیں گے۔
 

Advertisement