اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو جوابی خط لکھ کر کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن تعلقات چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو جوابی خط لکھا ہے، وزیراعظم نے یوم پاکستان پر مبارکباد پر بھارتی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے خط میں لکھا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن و استحکام کے لئے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات کا حل ہونا ضروری ہے، تعمیری اور نتیجہ خیزا مزاکرات کے لئے سازگار ماحول پیداکرنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں: مودی کا وزیراعظم عمران خان کو خط
آخر میں انہوں نے کہا کہ کووڈ 19کے خلاف بھارت کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کو تہنیتی پیغام بھجوایا ہے، بھارتی وزیراعظم نے یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کوخط لکھ کر مبارکباد دی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کی طرف سے بھارتی وزیراعظم کا خط دفترخارجہ کے حوالے کیا گیا۔
بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے خط میں کہا تھا کہ یوم ہاکستان پرپاکستانی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں، ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے پاکستان کے عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان: بنگلا دیشی وزیراعظم حسینہ واجد کا بھی وزیراعظم عمران خان کو خط
انہوں نے کہا کہ خوشگوارتعلقات کیلئے اعتماد پر مبنی دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ماحول اہم ہے،انسانیت کے لئے اس مشکل دور میں کووڈ 19 چیلنج سے نمٹنے پر آپ کو اور پاکستان کے عوام کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔