پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار نکال رہے تھے، میں نے جنگ رکوائی: ٹرمپ

Published On 20 November,2025 02:20 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار نکالنے لگے تھے مگر میں نے مداخلت کر کے جنگ رکوا دی۔

امریکا سعودی بزنس فورم سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امن کیلئے تاریخی کام کر رہے ہیں، میں نے 8 جنگیں رکوائیں، میں تنازعات کو حل کرنے میں ماہر ہوں، پاکستان اور بھارت سے کہا آپ جنگ کریں گے تو میں 350 فیصد ٹیرف لگاؤں گا، ٹیرف لگانے کا کہا تو پاکستان بھارت رک گئے۔

ٹرمپ کا سعودی ولی عہد کی درخواست پر سوڈان تنازع حل کرنے کا اعلان

ٹرمپ کا پاک بھارت تنازع سے متعلق گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے کہا ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک دوسرے پر ایٹمی حملے کریں، میں نے کہا آپ جنگ کریں گے تو تجارت نہیں ہوگی، نہیں چاہتا کہ ایٹمی دھماکوں کے بادل لاس اینجلس تک پہنچیں،

امریکی صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ رکوانے پر کال کر کے میرا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔

ہمارے پاس بہترین فوجی نظام جو سعودیہ کو فراہم کریں گے: ٹرمپ

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے بھی کال کر کے کہا کہ میں تیار ہوں، میں نے کہا کس بات پر تیار ہو تو مودی نے کہا کہ جنگ روکنے پر تیار ہوں، مودی نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کروں گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی درخواست پر سوڈان تنازع پر بھی کام شروع کر دیں گے، سعودی ولی عہد چاہتے ہیں کہ میں سوڈان کے حوالے سے کوئی مضبوط اقدام کروں،

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا سوڈان میری ترجیح میں شامل نہیں تھا، میرے خیال میں سوڈان کی صورتحال پاگل پن اور بے قابو ہو جانے والی تھی، مجھے لگ رہا ہے کہ سوڈان بہت سے دوستوں اور آپ سب کیلئے بہت اہم ہے، ہم اب سوڈان پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔