ہمارے پاس بہترین فوجی نظام جو سعودیہ کو فراہم کریں گے: ٹرمپ

Published On 19 November,2025 10:51 pm

واشنگٹن :(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بہترین فوجی نظام جو سعودیہ کو فراہم کریں گے۔

امریکہ کے شہر واشنگٹن میں امریکہ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بزنس فورم میں دنیا کے بہترین لوگ موجود ہیں، محمد بن سلمان بہترین شخصیت ہیں، سعودی عرب امریکا کا نان نیٹو اتحادی بن گیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دفاعی معاہدہ ہوا ہے، امریکا کے پاس دنیا کا سب سے جدید دفاعی سازوسامان موجود ہے، ہم نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کیا، وہ دوبارہ اسے نہیں بنا سکے گا، ایران کے ساتھ جلد معاہدہ ہوسکتا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم نے غزہ میں امن قائم کیا، گزشتہ روز ولی عہد نے ایک ٹریلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی، امریکی اور سعودی شعبوں کے درمیان آج 270ارب ڈالر کے معاہدے ہوں گے، ہمارے پاس بہترین فوجی نظام ہے جو سعودی عرب کو فراہم کریں گے۔

ٹرمپ نےکہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ایک جرأت مند رہنما ہیں، سعودی عرب امریکا کے درمیان تعلقات کیلئے پرعزم ہیں، ہم سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فراہم کریں گے اور سعود ی عرب کے ساتھ اے آئی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے۔
امریکا کے ساتھ تجارتی تعاون مزید بڑھائیں گے :سعودی ولی عہد
قبل ازیں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی تعاون مزید بڑھائیں گے، سعودی عرب، امریکا کے درمیان تاریخی شراکت داری کی بنیاد رکھی،دفاع، توانائی، اے آئی میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔