امریکا کا سعودی عرب کو ایف 35 لڑاکا طیارے فروخت کرنے کا امکان

Published On 15 November,2025 04:31 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی جریدے بلومبرگ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ایف 35 طیاروں کی فروخت کی ڈیل کے قریب ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے معاہدہ کریں گے، ٹرمپ اور سعودی ولی عہد کے درمیان اقتصادی اور دفاعی معاہدوں پر منگل کو دستخط متوقع ہیں۔

امریکی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات منگل کو وائٹ ہاؤس میں شیڈول ہے، سعودی ولی عہد کا یہ دورہ ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب دونوں ملکوں کے درمیان کئی معاملات زیرِ بحث ہیں، جن میں مشرقی وسطیٰ کی سکیورٹی، ٹیکنالوجی اور حالیہ غزہ بحران کے تناظر میں خطے میں تعلقات کی بحالی جیسے امور شامل ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ محمد بن سلمان کی واشنگٹن آمد کا مقصد امریکی دفاعی اور ٹیکنالوجی شعبوں کے ساتھ تعاون بڑھانا اور سعودی عرب کی سکیورٹی و معیشت کو مستحکم کرنا ہے، ملاقات کے دوران اسرائیل سعودی عرب تعلقات کا معاملہ بھی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔