74 سال بعد کراچی میں گرم ترین دن، درجہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ

Published On 03 April,2021 04:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو گیا ہے۔ جو قیام پاکستان کے بعد کراچی کا گرم ترین دن ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، 74 سال قبل کراچی کا درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دوپہر ایک بجے شہر کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جو یکدم 2 ڈگری اوپر چلا گیا، شہر میں 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں اور اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 5 فیصد ہے، تاہم شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلاوجہ دھوپ میں نہ جائیں، اگر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں، پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال معمول سے بڑھادیں۔

دوسری طرف لاہور میں بھی گرمی کا پارہ آہستہ آہستہ چڑھنے لگا، کم سے کم درجہ حرارت 14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement