ویڈیو سکینڈل: علی حیدر گیلانی نے اپنے بیان پر یوٹرن لے لیا

Published On 05 April,2021 09:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوسف رضا گیلانی نااہلی کیس میں ان کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی نے ویڈیو سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں ویڈیو کو ٹمپرڈ قرار دیدیا۔

علی حیدر گیلانی کی جانب سے تحریری جواب میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ویڈیو اصل نہیں بلکہ ٹمپرڈ ہے۔ وہ ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ووٹ کیلئے کسی پر دباؤ ڈالا نہ رشوت کی پیشکش کی، جعلی ویڈیو نشر کرنا انتخابی عمل میں مداخلت کے مترادف ہے۔

علی حید گیلانی نے مطالبہ کیا ہے کہ تحریک انصاف سے متعلق ٹھوس شواہد طلب کیے جائیں۔ پریس کانفرنس میں ویڈیوز کا کوئی اعتراف نہیں کیا۔ میڈیا سے گفتگو کو بطور ثبوت پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے وکیل کو بھی تاحال ویڈیوز فراہم ہی نہیں کی گئیں۔

تحریری جواب میں علی حیدر گیلانی نے مزید کہا کہ ڈسکہ اور ویڈیو سکینڈل کیس کے حقائق میں بہت فرق ہے۔ درخواست گزاروں نے سنی سنائی باتوں پر انحصار کیا ہے، لہذا ویڈیو سکینڈل سے متعلق تحریک انصاف کی درخواستیں خارج کی جائیں۔ الیکشن کمیشن کیس کی مزید سماعت 27 اپریل کو کرے گا۔
 

Advertisement