فخر زمان کا رن آؤٹ، ڈی کوک کو کلین چٹ مل گئی

Published On 05 April,2021 08:11 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں فخر زمان کے رن آؤٹ ہونے کے معاملے پر میچ آفیشلز نے پروٹیز کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر ڈی کوک کو کلین چٹ دیدی۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان، جنوبی افریقا کے درمیان گزشتہ روز دوسرا ون ڈے میچ کھیلا گیا، جس میں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو ہرا دیا۔ دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی اوپنر فخر زمان نے 193 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کی تھی اور حریف باؤلرز کو بے بس کر دیا تھا۔

تاہم اس دوران فخر زمان رن آؤٹ ہو گئے، رن آﺅٹ کے معاملے پر میچ آفیشلز نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر کو کلیئر قراردے دیا ہے۔

میچ آفیشلز کا کہنا ہے کہ بارہا ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لینے کے بعد وہ اس نتیجے میں پہنچے ہیں کہ کوئنٹن ڈی کوک نے بلے باز کو کوئی دھوکہ دینے کی کوشش نہیں کی اور ڈی کوک پر کوئی جرمانہ یا پابندی نہیں لگائی جائے گی۔

دوسری طرف قومی ٹیم مینجمنٹ نے فخر زمان کے رن آؤٹ کا معاملہ میچ ریفری کے سامنے اٹھادیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے میچ کے اختتام پرفخر زمان کے رن آؤٹ کے معاملے پرمیچ ریفری سے بات کی اور اس سلسلے میں قومی ٹیم کے مینیجر منصور رانا نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے زبانی بات چیت کی۔

ذرائع کا کہناہےکہ پاکستان کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ تحریری طور پر شکایت نہیں کی گئی ہے اور صرف مینجمنٹ یہ معاملہ میچ ریفری کے علم میں لائی ہے۔

 

Advertisement