سپریم کورٹ کراچی رجسٹری، شادی ہالز گرانے کے خلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ

Published On 09 April,2021 01:39 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے شادی ہالزگرانے کےخلاف درخواست پرفیصلہ محفوط کرلیا، جھیل پارک سے متصل رفاعی پلاٹس کا معاملہ جوں کا توں رکھنے کاحکم جاری کر دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی لارجربینچ نے تجاوزات کےخلاف درخواستوں کی سماعت دوسرے روزبھی جاری رکھی۔ کورنگی کراسنگ میں شادی ہالز گرانے کےخلاف درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دئیے کہ شہروں کا ماسٹر پلان تو ڈیڑھ ہزار سال تک برقرار رہتا ہے اور شہر جیسے بنتے ہیں ویسے ہی رہتے ہیں لیکن کراچی میں قوانین تو ایسے ہیں کہ جس جگہ کوجب چاہیں کمرشل کردیں۔ اجازت لی اور تیس منزلہ عمارت کھڑی کردی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پوری ڈیفنس سوسائٰٹی کو کمرشل کر دیا گیا، اس طرح توسب کچھ کمرشل ہوجائےگا۔ چیف جسٹس نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے درخواستگذار کے وکیل انورمنصورخان کو تحریری دلائل جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

عدالت عظمیٰ نے جھیل پارک سے متصل پار ک کی زمین پرقبضے کےخلاف کے ایم سی کی درخواست پرحکم امتناعی جاری کرتے ہوئے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کونوٹس جاری کر دئیے۔ کے ایم سی کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سوسائٹی کے رہائشیوں نےرفاعی پلاٹس پرقبضہ کرکے ہاوسنگ سوسائٹی میں تبدیل کر لیا ہے۔
 

Advertisement