پنجاب حکومت کا اہم اقدام، عوام کو اشیا کی فراہمی کیلئے رمضان پیکج تیار

Published On 09 April,2021 06:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے تحت عوام کو اشیائے خورونوش ارزاں نرخوں پر دستیاب ہونگی۔

سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں رمضان پیکج کی تیاری کر لی ہے۔ کل سے صوبے بھر میں گندم خریداری کے مراکز پر کام شروع ہو رہا ہے۔ کسانوں کو 400 روپے فی من اضافے کے ساتھ 1800 روپے کی ریکارڈ قیمت دینگے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کے جائزے کیلئے ہر ہفتے اجلاس طلب کرتے ہیں۔ پنجاب میں سارا سال آٹے کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب رہا ہے۔ اب رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے کے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوگا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رمضان بازاروں میں آٹے، چینی کے علاوہ دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیا پر بھی 25 فیصد تک رعایت ہوگی، ان رمضان بازاروں کو بعد میں سہولت بازاروں میں تبدیل کر دینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں 20 روپے کی رعایت کے ساتھ چینی 65 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔

 

Advertisement