پاکستان اتفاق رائے سےافغان امن عمل کی کامیابی کا متمنی ہے: آرمی چیف

Published On 14 April,2021 04:24 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان تمام فریقین کے اتفاق رائے سے افغان امن عمل کی کامیابی کا متمنی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے آج انھیں خصوصی طور پر فون کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال، افغان امن عمل میں تازہ ترین پیشرفت اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے افغان امنگوں کے مطابق افغان مسئلہ کے حل کا حامی رہا ہے اور تمام فریقوں کے اتفاق سے اس کی کامیابی کا متمنی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔ امریکا علاقائی امن واستحکام کیلئے پاکستانی کاوشوں کو سراہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف سے جاپان کے سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

دوسری جانب آرمی چیف سے جاپان کے سفیر نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، علاقائی استحکام کیلئے جاپان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

جاپانی سفیر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کی خصوصی تعریف کی اور پاکستان سے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
 

Advertisement