اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی ٹیکس معلومات لیک کرنے والے 3 ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش نہ کیا جا سکا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایف آئی اے کی جانب سے 3 ملزمان کو آج عدالت پیش کیا جانا تھا تاہم عدالتی وقت ختم ہونے کے بعد ڈیوٹی مجسٹریٹ عبد الماجد قاضی عدالت سے چلے گئے، عدالتی وقت ختم ہونے تک تینوں ملزمان کو عدالت پیش نہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جنرل (ر) قمر باجوہ کا ٹیکس ڈیٹا لیک کرنے والے 3 افسران کا جسمانی ریمانڈ منظور
علاوہ ازیں ٹیکس ڈیٹا لیک کے معاملہ پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گرفتار تینوں ملزمان کے 164 کے بیانات ریکارڈ کروا دئیے، بیانات ڈیوٹی مجسٹریٹ انیل سعید نے ریکارڈ کیے، ملزمان میں 2 سپرنٹنڈنٹس ارشد قریشی، شاہد نیاز اور ایک اپر ڈویژن کلرک عدیل اشرف شامل ہے۔
تینوں افسران محکمانہ انکوائری کے بعد اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے تھے، سابق آرمی چیف کے خاندان کا ٹیکس ڈیٹا لیک کرنے پر اعلیٰ سطح انکوائری کی گئی تھی انکوائری میں ایف بی آر کے ایک درجن سے زائد افسران سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔