آن لائن پڑھائی سے طلبہ کو مسائل، تعلیمی ادارے ہفتے میں 2 دن کھولنے کی تجویز

Published On 16 April,2021 04:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتہ میں دو دن تعلیمی ادارے کھولنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ این سی او سی کے اگلے اجلاس میں اسے میں خود پیش کرونگا۔

تفصیل کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرار حسین کی قیادت میں نجی تعلیمی اداروں کے وفد نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سکولوں کی مسلسل بندش سے ہونے والے مسائل اور تعلیمی نقصانات کا احساس ہے۔ آن لائن تعلیمی سلسلہ خاطر خواہ نتائج نہیں دے سکا۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کم ازکم ہفتے میں دو دن فزیکل کلاسوں کیلئے این سی او سی کے اجلاس میں خود تجویز رکھوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے باعث نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل حل کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا آن لائن طریقے سے مکمل پڑھائی ممکن نہیں ہو رہی، اس لئے وہ اس تجویز سے متفق ہیں کہ ہفتے میں دو دن تعلیمی اداروں کو لازمی کھولا جائے۔
 

Advertisement