وفاقی کابینہ میں ردوبدل، شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمے داری دینے کا فیصلہ

Published On 16 April,2021 01:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے وفاقی کابینہ میں ردو بدل کرتے ہوئے شوکت ترین کو وزیر خزانہ کی ذمے داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، حماد اظہر کو وزیر توانائی بنا دیا گیا۔

 تفصیلات کے مطابق عمر ایوب سے وزیر توانائی کا چارج واپس لے لیا گیا، انہیں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور بنا دیا گیا۔ شبلی فراز کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی ذمے داری دی گئی ہے، خسرو بختیار وزیر صنعت و پیداوار کے فرائض سر انجام دیں گے۔ وزارت اطلاعات کا قلمدان فواد چودھری کو سونپا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فواد چودھری کو گزشتہ روز ہی وزارت اطلاعات کی ذمہ داری تفویض کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا تھا، اس سے قبل شبلی فراز وزیر اطلاعات کے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف حکومت کابینہ میں اس سے قبل بھی تبدیلیاں کر چکی ہے۔ اس سے پہلے شیخ رشید وزیر ریلوے تھے بعد ازاں انہیں وزیر داخلہ بنا دیا گیا، اسی طرح  عبدالحفیظ شیخ کو ہٹا کر حماد اظہر کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا۔