فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا مدارس کے طلبہ کو سکالرشپس دینے کا نوٹیفکیشن جاری

Published On 23 April,2021 05:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی ہدایات پر فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے مدارس کے طلبہ کو سکالرشپس دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے فیڈرل بورڈ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا مدارس کے 20 طلبہ وطالبات جو ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ان کو وفاقی بورڈ کی طرف سے سالانہ سکالرشپ مہیا کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کی ہدایات پر میٹرک میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو اگلے دو سال کے لئے وفاقی بورڈ کیطرف سے پچیس ہزار روپے سکالر شپ دی جائے گی۔

انٹرمیڈیئٹ میں نمایاں کارکردگی کرنے والے وہ طلبہ جو میڈیکل کی فیلڈ میں داخلہ لیں گے، ان کو اگلے 5 برس تک سکالرشپ کی رقم دی جائے گی اور جو طلبہ انجینئرنگ پروگرام میں ایڈمیشن لیں گے، ان کو اگلے 4 برس کے لئے سکالرشپ مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے اور چونکہ تعلیم کے فروغ میں مذہبی مدارس و مراکز کا کردار قابل تعریف اور مسلمہ حقیقت ہے لہذا میری وزارت اور ہماری حکومت سے جس حد تک ممکن ہوا ہم مذہبی تعلیمی مراکز و مدارس کی معاونت و حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے 10 فروری کو ‘تقریب تقسیم اسناد برائے مدارس دینیہ’ کے موقع پر مدارس کے طلبہ کے لئے ان سکالر شپس کا اعلان کیا تھا۔
 

Advertisement