لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی عثمان بزدار نے ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بعد بہاولپور میں بھی سیکرٹریٹ کے قیام کا اعلان کر دیا۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج ملتان اور جنوبی پنجاب کے لئے ایک تاریخی دن ہے، ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے منصوبے پر 3 ارب 54 کروڑ روپے لاگت آئے گی، اس کے بعد بہاولپور میں بھی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا-
عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور ملتان ڈویلپمنٹ پیکیج کے منصوبوں کی خود نگرانی کروں گا، وزیر اعظم عمران خان ملتان کیلئے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کا اعلان کریں گے، ملتان میں فلاح عامہ کے منصوبوں کے لئے اربوں روپے کا پیکیج دیا جائے گا۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں تحریک انصاف کو عام انتخابات میں شاندار کامیابی ملی، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں، ماضی کی حکومت نے گمراہ کن اعداد و شمار کے ذریعے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکہ دیا، سابق حکومت نے جنوبی پنجاب کے فنڈز کو دیگر شہروں میں منتقل کر کے عوام سے زیادتی کی۔