لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے این اے 249 کے عوام کا شکریہ اور مفتاح اسماعیل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا، پورا یقین ہے الیکشن کمیشن انصاف اور شفافیت کے تقاضے پورے کرے گا۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے جس طرح دن رات کام کیا، اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اللہ تعالی پر بھروسے اور قومی و عوامی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے، این اے 249 میں مسائل کے خاتمے کے لئے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے، تمام پارٹی عہدیداروں بالخصوص کراچی کی ٹیم کو بھی شاباش دیتا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے شیروں نے میدان میں ڈٹ کر جس طرح مقابلہ کیا، ان سب کارکنان اور پارٹی عہدیداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، جمعیت علماء اسلام (ف) اور اے این پی کی طرف سے حمایت پر ان کے قائدین، کارکنوں، ووٹرز اور سپورٹرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں۔