انتخابی ریفارمز کیلئے تیار ہیں، بہتر ہے یہ کام الیکشن کمیشن کرے: بلاول بھٹو

Published On 03 May,2021 08:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم انتخابی ریفارمز کے لیے تیارہیں، تاہم حکومت کوکوئی سیریس نہیں لیتا، بہتر ہے یہ کام الیکشن کمیشن خود کرے، بیلٹ باکس کسی اور کی تحویل میں دینے کا مطالبہ ناقابل قبول ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کی پیشکش پر کہا کہ جو خود دھاندلی کرے، اس کے ساتھ اصلاحات کی بات کیسے ہوسکتی ہے؟ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب کو اس نقطہ پر متفق ہونا چاہیے کہ سٹیبلشمنٹ کا کردار سیاست اور انتخابات میں ختم ہونا چاہیے۔

این اے 249 کے ضمنی الیکشن پر مسلم لیگ (ن) کے الزامات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس میں سٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس اگر کوئی گڑبڑ کے شواہد ہیں تو الیکشن کمیشن جائے۔ ایک سیٹ ہارنے پر (ن) لیگ فوج کو اپیل نہ کرے، یہ الیکٹرول نقصان ہے۔

بلاول بھٹو نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نااہل وزیراعظم کی وجہ سے معیشت کو نقصان ہو رہا ہے۔ ان کو عہدے سے ہٹانا ملک اور قوم کا مطالبہ ہے۔ پی ڈی ایم کی بنیاد بھی اسی لیے رکھی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں طے کیا گیا تھا کہ جمہوری ہتھیار استعمال کرے ہوئے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف عدم اعتماد استعمال کریں گے۔ ہمارے اتحادی اگر ہمت پکڑتے تو ہم عدم اعتماد لا سکتے تھے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ اب خود عدم اعتماد سے پیچھے ہٹنے کا بہانہ بنا رہے ہیں اور صرف اپوزیشن کے استعفوں کی بات کرتے ہیں۔ اپوزیشن، اپوزیشن سے اپوزیشن نہ کرے۔
 

Advertisement