راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک سعودی مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خطے کے امن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے یہ بات دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں افغان امن عمل میں پیشرفت جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے امور بھی زیر غور آئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سعودی عرب کی مسلح افواج کے سربراہ نے آرمی چیف کے جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انھیں خطے کے امن کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے
خیال رہے کہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25ویں روزے سعودی عرب روانہ ہونگے، جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔
اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیراعظم پاکستان ملک وقوم اور امت مسلمہ کے لئے خسوصی دعائیں کریں گے۔
فواد چودھری کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پہلے سے ہی شیڈول ہے، وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت میں سعودی عرب کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔