سعودی عرب پاکستان کو ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کریگا وزیر خارجہ

Published On 08 May,2021 04:22 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک معاہدے کی رو سے سعودی عرب، پاکستان کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر (تقریباً 75 ارب روپے) کی رقم فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کی۔

جدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے جس میں ان کی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے،میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جسکی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا۔ سعودی عرب پاکستان کو” سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔سعودی عرب کواگلے دس سال کے دوران، 10 ملین، افرادی قوت درکار ہوگی، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا۔۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ہے، مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے۔اس دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد خود وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے تشریف لائے۔ وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک سمال گروپ ملاقات ہوئی ہے، اس ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف اور میں خود موجود تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی وزیر خارجہ نے اس بارے خطے میں ان کی حالیہ سرگرمیوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ آج وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس معاہدے کی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کونسل کا قیام معرض وجود میں آئے گا، جس کے تحت ہمارے درمیان مستقبل میں ادارہ جاتی سطح پر ایک “سٹرکچرڈ انگیجمنٹ پلان” ترتیب دیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقعوں میں آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے “وژن”کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا ہے، اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انہیں اگلے دس سال کے دوران، دس ملین، افرادی قوت درکار ہو گی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی گذشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا، روزگار کے مواقعوں کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہے۔ آج پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ، ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان “کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا ہے، دو معاہدے بالترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید نے دستخط کئے۔ دو معاہدوں پر میں نے دستخط کئے ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا جبکہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کو” سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے باور کرایا کہ ان کے دورے کے نتیجے میں جو “گڈوِل” پیدا ہوئی اس کے نقوش آج پاکستانیوں کے دلوں میں تازہ ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریے کے ساتھ قبول کی۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کیا ہے ، انشاءاللہ عید کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کیلئے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا۔ مجموعی طور پر یہ دورہ سعودی عرب انتہائی سود مند رہا ہے، ماہ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں اور یہ دورہ پاکستانیوں کے لیے بہت سی خوش خبریوں کی نوید ہو گا۔
 

Advertisement