‘بین الافغان مذاکرات: افغان قیادت کے پاس خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے نادر موقع ہے‘

Published On 14 May,2021 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں گزشتہ 40 برس سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ایک نادر موقع موجود ہے۔ افغان جماعتوں کے مابین عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی معاہدہ قابلِ ستائش ہے

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان ہم منصب محمد حنیف اتمر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین عیدالفطر کے حوالے سے تہنیتی جملوں کا تبادلہ ہوا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے معاملے پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے متمنی عناصر " سپائیلرز" کے کردار پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس افغانستان میں گزشتہ 40 برس سے جاری خانہ جنگی کے خاتمے کیلئے ایک نادر موقع موجود ہے۔ افغان جماعتوں کے مابین عید الفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی معاہدہ قابلِ ستائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں مستقل قیام امن کیلئے تمام افغان جماعتوں سے پر تشدد واقعات میں کمی کا متقاضی ہے۔ بین الافغان مذاکرات کی کامیابی سے افغانستان میں جامع اور دیرپا امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔
 

Advertisement