دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی: آرمی چیف

Published On 14 May,2021 06:07 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مقصد کے حصول تک ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف نے عید کا دوسرا دن بھی مغربی سرحد پر تعینات افسروں اور جوان کے ساتھ گزارا۔ جنرل باجوہ نے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ کا دورہ کیا۔ کورکمانڈرپشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پاک افغان بارڈر پرسیکورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے افسروں اور جوانوں کے بلند مورال اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ انسداد کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا کنٹرول لائن پر اگلے مورچوں کا دورہ، عید کی نماز جوانوں کیساتھ ادا کی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کی مدد کو سراہا۔

اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہداء نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جانوں کی عظیم قربانی دی۔ دہشت گردوں کو امن تباہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ قربانیوں اور سخت مشکلات کے بعد اس علاقے میں امن قائم ہوا ہے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مقصد کے حصول تک ذمہ داری ادا کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاک فوج کے سپہ سالار نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جس کے دوران عید کی نماز وہاں تعینات جوانوں کے ساتھ ادا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے فرنٹ لائن پر جوانوں اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان کے عزم و حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت سپاہی فرنٹ لائن پر دفاع وطن کے لیے خدمات سر انجام دینے پر فخر ہے، پاکستان کے عوام کی سلامتی اور بہتری پاک فوج کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے: آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا کہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر کشمیریوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر جیسے انسانی المیے کا خاتمہ ہو اور اس مسئلے کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئِے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کی تعریف کی اور وبا کے خاتمے کے لیے ہر ممکن احتیاط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Advertisement