لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، وطن عزیز کیلئے ہم سب کو کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بھائی چارے، اخوت اور اتحاد و اتفاق کے سنہری اصولوں پر چلنا ہی موجودہ صورتحال کا تقاضا ہے۔ ذاتی مفادات اور سیاست سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کیلئے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ دنیا میں ہماری پہچان پاکستان سے ہے اور عزت و وقار بھی۔ ہمیں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باوقار قوم کے طور اپنا مقام بنانا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپوزیشن کو منفی رویہ ترک کرکے اجتماعی سوچ اپنانا ہو گی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک میں یکجہتی کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ یہ وقت قوم میں نفاق ڈالنے کا نہیں بلکہ اتفاق اوراتحاد کا ہے۔ ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔
وزیراعلی بزدار نے کہا کہ وطن کی مٹی ہم سے اتحاد اور یگانگت کا مطالبہ کر رہی ہے- پاک دھرتی کے اس قرض کو اتارنے کے لئے سب کو ایک ہونا پڑے گا۔