کورونا کیسز: کراچی ضلع وسطی کے 3 مختلف ٹاؤنز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 17 May,2021 10:03 am

کراچی: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کراچی ضلع وسطی کے تین مختلف ٹاؤنز میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا ہے۔ سمارٹ لاک ڈاؤن 30 مئی تک نافذ رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت اور فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی۔ علاقے میں تمام کاروباری سرگرمیاں کورونا ایس او پیز کے مطابق ہونگی۔ متاثرہ علاقوں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 74 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 617 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار 362 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 27 ہزار 362، سندھ میں 2 لاکھ 99 ہزار 194، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 38، بلوچستان میں 23 ہزار 866، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 423، اسلام آباد میں 79 ہزار 221 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار 767 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 725 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 92 ہزار 522 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 443 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 74 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہزار 617 ہوگئی۔ پنجاب میں 9 ہزار 411، سندھ میں 4 ہزار 801، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 786، اسلام آباد میں 731، بلوچستان میں 267، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 514 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement