اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ رنگ روڈ اسکینڈل میں ابھی تک کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ایسا عمران خان کی حکومت میں ہی ہو سکتا تھا کہ الزامات لگیں تو تحقیقات شروع ہو جائیں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کےدور میں میڈیا کےگلے بیٹھ جاتے تھے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نظام میں یہی تبدیلی ہے کہ حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہو، ہاؤسنگ سوسایٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے رنگ روڈ کو 23 کلومیٹر تک بڑھایا گیا، فیصلے سے حکومت کو 20 ارب روپے اضافی زمین کی خریداری کی مد میں دینے پڑے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضح ہے، وزیر اعلیٰ کو کہا گیا تحقیقات کریں۔ کمشنر راولپنڈی کو ہدایت دی گئی کہ معاملے کو دیکھیں، مزید تحقیقات کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے۔