اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ دسویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات 23 جون اور انتیس جولائی کو ہونگے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر اور نیشنل کورآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں امتحانات کی تیاری کی غرض سے صوبوں کو کرونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے ساتھ کل سے دسویں اور بارہویں جماعتوں کو مرحلہ وار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اجلاس میں تعلیم کے شعبے کے محفوظ تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے اگلے مہینے کی دس تاریخ تک شعبہ تعلیم کے عملے کو ویکسین لگانے کی منظوری دی گئی۔
این سی او سی نے اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے سندھ میں کرونا وائرس پھیلنے کے حوالے سے خبر دار کیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے آنے والے مسافرصرف مجاذلیبارٹریوں سے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ہمراہ لائیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے سیاحت والے اضلاع میں پچاس سال سے زائد عمر کے سیاحوں کو منگل سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوٹلوں میں قیام کی اجازت نہیں ہو گی۔
این سی او سی اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ یکم جولائی سے تیس سال سے زائد عمر کے سیاحوں پر بھی اسی طرح کی پابندیاں ہونگی۔