وزیراعلیٰ پنجاب نے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا

Published On 31 May,2021 08:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔

وزیرِاعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولتیں ملیں گی۔ یہ صرف ایک پروگرام نہیں بلکہ گورننس کا منفرد ماڈل ہے جس سے صوبے کی عوام کا فائدہ ہوگا۔ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام سے عوام کو یہ احساس دلانا ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام ابتدائی طور پر 3 ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔ پہلے ہفتے میں گلیوں، بازاروں اور محلوں کو صاف کیا جائے گا۔ سڑکوں کے کناروں سے تعمیراتی مٹیریل اٹھایا جائے گا۔

دوسرے ہفتے میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولتوں میں بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی جبکہ تیسرے ہفتے میں سرکاری دفاتر، سکولوں اور دیگر عمارتوں پر رنگ وروغن اور صفائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام میں سول سوسائٹی، مقامی افراد اور ٹائیگر فورس کو شریک کیا جائے گا۔ پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ”اے سی کارکردگی ایپ“ اور صوبائی حکومت نے’’خدمت آپ کی دہلیز پر“ کے نام سے ایپ تیار کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیش بورڈ پر درج شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات سے کسی بھی ضلع یا ڈویژن کی انتظامیہ کی کارکردگی کا تعین کیا جائے گا۔
 

Advertisement