ٹرین حادثہ: قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا اظہار افسوس، متاثرہ خاندانوں سے تعزیت

Published On 07 June,2021 11:32 am

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے ڈہرکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے تصادم پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ٹرین کے تصادم میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں مسافر زخمی ہونے پر دلی دکھ ہے، متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی نے جاری بیان میں کہاکہ حادثے کی جگہ سمیت سکھر ڈویژن میں 13 مقامات پر ٹریک کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی تحریری رپورٹ کے باوجود مجرمانہ غفلت کیوں برتی گئی، افسوس موجودہ دور ٹرین کے حادثات کا دور ثابت ہو رہا ہے، واقعے کی حقیقی، غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

سابق صدر نے ریل گاڑیوں کے ٹکرانے پر انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ آصف زردای نے جان بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جانبحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے، حکومت سندھ زخمیوں کی جانیں بچانے کیلیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

ادھر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر سکھر کو ٹیلی فون کر کے تمام ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مشینری کا انتظام کر کے مسافروں کو نکالنے کا بندوبست کیا جائے، سسٹم بنایا جائے تا کہ مسافروں کے رشتہ داروں کو صحیح معلومات مل سکے۔ وزیراعلی سندھ نے مسافروں کی رہائشی اور کھانے پینے کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
 

Advertisement