لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پردوران گفتگو، دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزراۓ خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات پہنچائے۔
سعودی وزیر خارجہ نے 2021ء میں حج کے انتظامات کے حوالے سے درپیش چیلنجز اور سعودی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں اٹھائے گئے اقدامات سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں صورت حال کی نزاکت کا بخوبی علم ہے اور ہمیں سعودی قیادت کی جانب سے مفاد عامہ میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے۔
دونوں وزراۓ خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ سعودی عرب کے دور رس اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے کیے گئے مشترکہ فیصلوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی سالمیت کے حوالہ سے پاکستان کی حمایت کا یقین دلایا، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات کے باعث دونوں وزرائے خارجہ کے مابین راوبط کا سلسلہ تواتر سے جاری رہتا ہے۔