ناران: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ گرین اینڈ کلین پاکستان تحریک انصاف کا ویژن ہے، آنے والی نسلوں کیلئے سرسبز اور شاداب پاکستان چھوڑ کر جانا ہے، درختوں کی حفاظت کیلئے مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے ناران میں ٹائیگر فورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آتے تھے تو اس علاقے میں درخت کٹے نظر آتے تھے، علاقے میں درختوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، وہ پاکستان چھوڑ کر جانا ہے جس پر آنیوالی نسلیں ہمارا شکریہ ادا کریں، ماضی میں درختوں کی تباہی کی گئی، میں ساری دنیا پھرا ہوا ہوں، پاکستان جیسی خوبصورتی کہیں نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو بھی قانون بنایا جائے اس پر سختی سے عمل کیا جائے، دین اسلام میں پاکیزگی کی بہت اہمیت ہے، یہ نیا پاکستان ہے، پہلے صفائی کی کوئی فکر نہیں کرتا تھا، سیاحت کی وجہ سے نوکریاں ملیں گی، پیسہ آئے گا، سویٹزرلینڈ کو 80 ارب ڈالر صرف سیاحت سے ملتا ہے، سویٹزرلینڈ میں سخت قانون ہے، وہ اپنے ملک کا خیال رکھتے ہیں، جو خوبصورتی وادی کاغان میں ہے وہ دنیا بھر میں نہیں۔