نواب شاہ میں میٹرک کا ریاضی کا پرچہ آؤٹ، سوشل میڈیا گروپس میں وائرل

Published On 06 July,2021 10:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں تعلیمی بورڈز نویں اور دسویں کے امتحانات کے دوران نقل روکنے میں ناکام رہے، آج بھی پیپر آؤٹ ہوا، واٹس ایپ گروپوں کے ذریعے طلبا تک پہنچا، انتظامیہ بے بس ہوگئی۔

 سندھ میں امتحانات مذاق بن گئے، پیپر آوٹ بھی ہوا، نقل بھی جاری رہی، بورڈز کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ شہید بے نظیر آباد بورڈ اپنے قیام کے پہلے ہی امتحان میں فیل ہوگیا۔ ریاضی کا پرچہ ٹائم سے پہلے ہی آؤٹ واٹس ایپ گروپوں میں گردش کرتا رہا، نقل روکنے کے لئے بنائی گئی کمیٹیاں ناکام ہوگئیں۔

 حیدرآباد میں بھی میٹرک کا ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہوگیا جبکہ امتحانی مراکز پر نقل کا سلسلہ بھی عروج پر رہا۔ طلبا موبائل فون کی مدد سے کھلے عام نقل کرنے میں مصروف رہے۔ ادھر حیدرآباد میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث متعدد طلبا بے ہوش ہو گئے۔

 لاڑکانہ اور کشمور میں بھی پیپر کے دوران ماحول مختلف نہ تھا۔ ریاضی کا پرچہ واٹس ایپ گروپوں میں دستیاب تھا، امتحانی مراکز پر بھی نقل ہوتی رہی اور انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی رہی۔

 

Advertisement