کراچی میں کورونا کی بھارتی قسم ڈیلٹا سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد متاثر

Published On 13 July,2021 09:01 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں بھارتی کورونا کی خطرناک قسم ڈیلٹا سے ایک ہی گھر کے 9 افراد متاثر ہوگئے ہیں۔

تمام متاثرہ افراد کو لیاری جنرل ہسپتال کے کورونا ایچ ڈی یو میں داخل کیا گیا ہے۔ انچارج کورونا آئی سی یووارڈ پروفیسر انجم رحمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں میاں، بیوی، بچے اور دیگر افرد شامل ہیں، جن کی عمریں دس سے 55 سال کے درمیان ہیں۔ متاثرہ فیملی ملیر کی رہائشی ہے۔ تمام افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 21 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 618 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 76 ہزار 867 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 590 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 509، سندھ میں 3 لاکھ 48 ہزار 385، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 593، بلوچستان میں 28 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 972، اسلام آباد میں 83 ہزار 831 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 52 ہزار 403 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 790 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 14 ہزار 605 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 181 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 21 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 618 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 832، سندھ میں 5 ہزار 613، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 365، اسلام آباد میں 785، بلوچستان میں 317، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 595 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement