راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنوبی افریقہ کے مسلح افواج کے سربراہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی اور سیکیورٹی کی صورتحال، افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ردزنی سے ملاقات میں آرمی چیف نے کہا کہ جنوبی افریقہ براعظم افریقہ کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
آرمی چیف نے افریقہ میں علاقائی استحکام، سیکیورٹی اور ترقی میں جنوبی افریقہ کے کردار کو بھی سراہا۔
جنوبی افریقہ کی مسلح افواج کے سربراہ نے بھی افغان امن عمل اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور باہمی تعلقات کوبڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔