اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عام آدمی تک آسان اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، عدالتی نظام موثر بنانے کیلئے تمام وسائل استعمال کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اٹارنی جنرل نے وزیرِاعظم کو مختلف عدالتی امور، نظام انصاف کے حوالے سے جاری اصلاحات اور ” واٹر کمیشن رپورٹ” پر بریفنگ دی۔
وزیرِاعظم واٹر کمیشن رپورٹ کے حوالے سے جسٹس شاہد کریم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پانی کا مسئلہ انتہائی اہم معاملہ ہے۔ اس اہم قومی معاملے میں جسٹس شاہد کریم کی خصوصی دلچسپی اور کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
وزیرِاعظم نے جسٹس (ر) علی اکبر قریشی کی سربراہی میں واٹر کمیشن رپورٹ مرتب کرنے والی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
مختلف عدالتی امور اور جاری اصلاحات پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی تک آسان اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ عدالتی اور انصاف کے نظام کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور عدالتی نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکومت عدلیہ کو ہر ممکن تعاون اور وسائل کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے۔