راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف مستقبل میں سندھ میں بھی حکومت بنائے گی، سندھ میں لاک ڈاؤن کر کے یہ اپنا نقصان خود کریں گے، آزاد کشمیر میں توقعات کے مطابق نشستیں لیں، وزیراعظم آزاد کشمیر کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس گھر میں تعلیم یافتہ بیٹی ہوگی وہ مستقبل کا کبھی غلط فیصلہ نہیں کرے گا، پی ٹی آئی نے پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں حکومت بنائی، پی ٹی آئی روز بروز بہتر پوزیشن میں آئے گی، الیکشن اپنے وقت پر ہونے جا رہے ہیں، انہیں سمجھ آنی چاہیے پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آ رہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں سخت لاک ڈاؤن سے اپنا نقصان خود کرے گی، پوری دنیا نے عمران خان کے لاک ڈاؤن کی پالیسی کو کاپی کیا، سندھ حکومت بھی عمران خان کی لاک ڈاؤن پالیسی پر عملدرآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے نور مقدم کیس میں ذمہ دارانہ رویہ اپنائے، میڈیا نور مقدم کیس کو زیادہ مت دکھائے، نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا میں گرفتار ٹیکسی ڈرائیوروں کو رہا کرا دیا، ٹیکسی ڈرائیوروں کی گھروں میں کھانے کو روٹی نہیں۔