ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کرلیا: اسد عمر

Published On 03 August,2021 11:51 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کرلیا، کل 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔

سربراہ این سی او سی (نینشل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) و وفاقی منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جاچکی، پشاور اور راولپنڈی 35، فیصل آباد میں 28 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا میں 27 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہوچکی، کراچی 26، حیدرآباد کی 25 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 529 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 43 ہزار 277 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 582 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 58 ہزار 387، سندھ میں 3 لاکھ 87 ہزار 261، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 45 ہزار 306، بلوچستان میں 30 ہزار 627، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 318، اسلام آباد میں 88 ہزار 344 جبکہ آزاد کشمیر میں 25 ہزار 34 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 61 لاکھ 58 ہزار 330 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 798 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 44 ہزار 375 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 398 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 529 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 83، سندھ میں 6 ہزار 57، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 477، اسلام آباد میں 804، بلوچستان میں 328، گلگت بلتستان میں 147 اور آزاد کشمیر میں 633 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement