راولپنڈی: (دنیا نیوز) افغانستان کی سرزمین سے دہشتگردوں نے پاکستانی فوجی چوکی پر فائرنگ کی جس سے ایک جوان زخمی ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغانستان کے اندر موجود دہشتگردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے دیواگر میں پاکستانی ملٹری پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
پاکستان آرمی نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان افغانستان سے مسلسل بہتر بارڈر مینجمنٹ کی درخواست کرتا رہا ہے۔ پاکستان دہشتگردوں کی جانب سے افغان سرزمین استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشتگردوں کی سکیورٹی چوکی پر فائرنگ، 29 سالہ سپاہی شہید
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کا ایک اور جوان فرض پر قربان ہو گیا تھا۔ شمالی وزیرستان میں 29 سالہ سپاہی شاہد نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
شمالی وزیرستان کے علاقے گھڑیوم میں سکیورٹی چوکی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، اس دوران پاک فوج کی طرف سے دہشتگردوں کی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا۔