پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کو پاک افغان سرحد پر سیکورٹی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کواٹرز پشاور کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم ، آرمی چیف کے علاوہ گورنر شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی ہمراہ تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ضم ہونے والے اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں، پاک افغان انٹرنیشنل سرحد پر بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم نے بارڈر کنٹرول اور بیرونی سیکیورٹی کے لیے حقیقت پسندانہ اقدامات کو بھی سراہا جبکہ کورونا ،ٹڈی دل، انسداد پولیو مہم اور شجرکاری مہم میں سول انتظامیہ کی مدد پر بھی مسلح افواج کی تعریف کی ۔