افغان مسئلے کا حل خطے میں استحکام کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے: آرمی چیف

Published On 11 August,2021 06:27 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ تمام فریقین کو اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔

آرمی چیف نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے کور کمانڈرز اجلاس میں کہی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ افغان مسئلے کو حل کرنا تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔ پاکستان نے مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کے لیے انتہائی پرخلوص اور سنجیدہ کوششیں کیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغان مسئلے کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے میں ہم نے سہولت دی اور ہر ممکن مدد فراہم کی۔

انہوں نے عسکری حکام کو ہدایت کہ کہ سرحدوں کی نگرانی انتہائی چوکس ہونی چاہیے۔ پاک افغان سرحد پر لیے جانے والے اقدامات بارڈر مینجمنٹ پالیسی کا حصہ ہیں۔ آرمی چیف نے بارڈر کنٹرول کے لیے موثر اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی حکمت عملی، پاک افغان انٹرنیشنل بارڈر اور اس کے پاکستانی کی اندرونی سیکیورٹی پر اثرات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے شرکا نے بین الاقوامی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
 

Advertisement