پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار الجزائر پہنچ گیا، بحری مشقوں کا انعقاد

Published On 15 August,2021 01:55 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ذوالفقار الجزاٸرپہنچ گیا، دوطرفہ بحری مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق الجزاٸر کی بندرگاہ آمد پر میزبان بحریہ کے حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا، مشن کمانڈر نے جہاز کے کمانڈنگ آفیسر کے ہمراہ میزبان بحری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، مشن کمانڈر نے امیرالبحر کی جانب سے الجزاٸر کے عوام بالخصوص الجزاٸر کی بحریہ کیلٸے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔ الجزائر میں تعینات پاکستان کے سفیر جناب عطاءالمنعم شاہد اور میزبان عسکری حکام نے پاک بحریہ کے جہاز کا دورہ بھی کیا۔

الجزائر آمد سے قبل پی این ایس ذوالفقار نے مراکشی بحریہ کے جہاز ”سلطان مولے اسمٰعیل“ کے ہمراہ جبرالٹر کے مقام پر مشترکہ بحری مشق میں بھی حصہ لیا، مشق کے دوران جدید بحری آپریشنز کا مظاہرہ کیا گیا، پاک بحریہ کے جہاز کا الجزائر کا دورہ اور الجزائر اور مراکشی بحریہ کے ساتھ دوطرفہ مشقوں میں شرکت دوست ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔
 

Advertisement