اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ہالینڈ کے ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان افغانستان کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ ہالینڈ کے وزیراعظم نے پاکستان کے تعاون اور سہولت کیلئے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے، علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہیں، پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان اور خطے کیلئے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام افغانوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ انتہائی اہم ہے، سفارتی، عالمی اداروں کے عملے کو افغانستان سے نکالنے میں سہولت دے رہے ہیں۔ عالمی برادری افغانستان کے لوگوں کی معاشی طور پر مدد کرے، جامع سیاسی تصفیہ ہی آگےبڑھنےکابہترین راستہ ہے۔