اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے جاپان کی حکومت کی سفارش پر افغان شہریوں کے انخلاء میں بھر پور معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شیخ رشید احمد سے پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری مستودا نے ملاقات کی جس میں پاک جاپان دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاپانی سفیر نے افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء میں پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی اور جاپانی شہریوں اور ترقیاتی اداروں کے عملے کی بروقت معاونت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا،
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم افغانستان میں پائیدار امن کے خواہشمند ہیں۔ افغانستان میں پائیدارامن خطے کی ترقی اور دنیا کے امن کے لئے ناگزیر ہے۔ افغانستان سے غیر ملکیوں سمیت افغان شہریوں کے انخلاء میں بھر پور کام کر رہے ہیں۔ وزارت داخلہ میں مرکزی سہولت ڈیسک قائم کیا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے، پاکستان انسانی بنیادوں پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پاکستان پچھلے چالیس سال سے چالیس لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان کے حکومتی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کے انخلاء میں مدد کی جائے۔ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے حکومتی اداروں کے ساتھ کام کرنے والے افغان شہریوں کو افغانستان نکالا جائے۔
جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے افغان مہاجرین کی میزبانی بہت قابل ستائش عمل ہے۔ افغان مہاجرین کے لئے جاپان نے بھی یو این کیساتھ ملکر اب تک 164 ملین ڈالر کی امداد کی ہے۔