اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے وفاقی دارالحکومت کے سیف سٹی منصوبے پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ عمران خان نے اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کا ماڈل تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد سیف سٹی منصوبہ غیر موثر ہونے کے بعد حکمت عملی میں تبدیلی ناگزیر قرار دے دی گئی۔ ہزاروں مزید کیمرے سیف سٹی نظام سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ نئے ماڈل کے تحت شہر میں لگے نجی کیمرے بھی سیف سٹی کا حصہ بنیں گے۔ شہر کی بلند و بالا عمارتوں، پلازوں کے کیمرے بھی پراجیکٹ سے منسلک ہوں گے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے سیکیورٹی کیمروں کو بھی سیف سٹی سے لنک کیا جائے گا۔
سیف سٹی منصوبے کو مرحلہ وار طریقہ کار کے ذریعے مربوط بنایا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں تمام پلازوں پر لگے کیمروں کو سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں ہاوسنگ سوسائٹیز کے سیکیورٹی کیمروں لنک کیے جائیں گے۔ تیسرے مرحلے میں ایک ماڈل ریزولوشن کیمرہ تمام جگہوں پر منسلک کیا جائے گا۔