اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو افغان عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہونا اور مثبت بات چیت کرنی چاہیے۔ افغانستان میں پائیدار امن ، استحکام اور معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ترغیبات پیدا کرنا ہوں گی۔
یہ بات انہوں نے پاکستان کے دورے پر آئے اٹلی کے وزیر خارجہ لیوگی ڈی ماریو سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں طویل تنازعہ اور عدم استحکام کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پرامن ، محفوظ اور مستحکم افغانستان پاکستان کے ساتھ ساتھ علاقائی ممالک کے بھی بہترین مفاد میں ہے۔ ملاقات کے دوران افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس نازک موڑ پر افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال، امن کو مستحکم کرنے اور مہاجرین کے کسی بڑے پیمانے پر ہجرت کو روکنے کیلئے اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔ اس تناظر میں ، انسانی بحران کو روکنا اور معیشت کو مستحکم کرنا انتہائی اہم ترجیحات ہیں۔ دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اٹلی پاکستان کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔
وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری ، دفاع ، اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ اٹلی میں بڑی تعداد میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔
وزیر خارجہ لوگی دی ماریو نے افغانستان سے انخلاء کی کارروائیوں میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے اٹلی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اطالوی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو اٹلی کے دورے کی دعوت دی۔وزیر اعظم نے اس موقع پر اطالوی وزیر اعظم ماریو ڈراگی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔