اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن انعقاد کے لیے کسی نئے طریقہ کار پر عملدرآمد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن نے چئیرمین نادرا طارق ملک کو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا کہ نادرا کی جانب سے اختیار کیے گئے لہجے پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے۔ الیکشن انعقاد کے لیے کسی نئے طریقہ کار پر عملدرآمد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، نادرا کے خط کے لہجے سے ایسا تاثر ملتا ہے کہ الیکشن کمیشن نادرا کا ماتحت ادارہ ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ایسا تاثر ملتا ہے کہ نادرا الیکشن کمیشن کو حکم دے رہا ہے، نادرا الیکشن کمیشن سے ائی ووٹنگ کے لیے 2.4ارب روپے کا نیا معاہدہ کرنا چاہتا ہے، نادرا پہلے بتائے کہ اس نے آئی ووٹنگ کا سابق منصوبہ کیوں چھوڑا جس پر 6 کروڑ 65 لاکھ روپے خرچ ہو چکے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اگر موجودہ نظام میں کوئی خامیاں تھی تو ا سکا ذمہ دار کون ہے، کیا کسی پر ذمہ داری کا تعین کیا گیا، نادرا نے الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ وہ آئی ووٹنگ کے حوالے سے نادرا کے مجوزہ نظام پر مثبت پیش رفت کرے۔