لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کی وکٹ گرا دی، ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے صوبائی حلقے پی پی 269 سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے اظہر عباس چانڈیہ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں شمولیت اختیار کر لی۔
انہوں نے چوک سرور شہید میں کارنرمیٹنگ کے دوران مسلم لیگ ن سے پاکستان تحریکِ انصاف میں جانے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر اظہر عباس چانڈیہ نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے ٹکٹ سے منتخب ہوا تھا، اب سمجھ لیں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ہے۔
واضح رہے کہ اظہر عباس چانڈیہ 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ ایم پی اے اظہر چانڈیہ کئی دفعہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔ مسلم لیگ نون کی جانب سے اظہر چانڈیہ کو نومبر 2020ء میں شوکاز نوٹس بھی جاری ہو چکا ہے۔