کراچی: (دنیا نیوز) سیاست میں ایک اور خفیہ شادی منظر عام پر آگئی، اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم شیخ اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی دعا بھٹو نے بیٹے کی ولادت پر اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن سندھ اسمبلی دعابھٹو نے اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد خفیہ شادی ڈکلیئر کردی۔ انکی شادی رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سے ہوئی۔
پی ٹی آئی ایم پی اے دعا بھٹو نے بیٹے کی پیدائش کے بعد سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کی تصاویر شیئر کیں اور بتا یا کہ بیٹے کا نام کامل حلیم شیخ ہے ۔دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے بھی اپنی خفیہ شادی کی تصدیق کردی ہے ۔
دوسری طرف سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے شادی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے شادی کی ہے، کوئی جرم نہیں کیا۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ شادی کے متعلق جس کو بتانا تھا بتا دیا، پریس کانفرنس کرکے بتانے کی ضرورت نہیں، ذاتی معاملات ہیں، کسی کو تماشہ لگانے کی ضرورت نہیں، میں کسی کے ساتھ اپنے ذاتی معاملات شیئر نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ شرعی طور پر شادی کی ہے، کسی غیر اخلاقی تقاریب میں ہماری کوئی تصاویر نہیں آئیں، بلی کے خواب میں چھچھڑے ہیں، ان کو میری نااہلی نظر آ رہی ہے۔