2023میں پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے:شہباز شریف

Published On 26 September,2021 05:52 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے 2023میں پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے، مطالبہ نہیں حق ہے کہ 2023میں شفاف الیکشن مہیا کرنا ہونگے، سلیکٹڈنےسوا 3 سال میں ملک کوتباہ کردیا، آج غریب آدمی مہنگی دوائی نہیں خریدسکتا۔

مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ کنٹونمنٹ الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،راولپنڈی والوں کو (ن) لیگ کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں،کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں کامیابی معمولی بات نہیں، کنٹونمنٹ بورڈزکے انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ن لیگ پانچ سالوں میں ملک کو بدلنے جارہی تھی،سلیکٹیڈ وزیراعظم نے ملک کو تباہ کردیا ہے،عمران خان کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں جبکہ عوام کا برا حال ہوگیاہے۔